ایبٹ آباد: ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے شہریوں کے تحفظ اور ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ٹریفک اپلیکیشن “پہچان” کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر دیا ہے۔ اب موٹر سائیکل سواروں کے بعد لوکل کیری ڈبہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق کی خصوصی ہدایت پر اس مہم کو باقاعدہ شروع کیا گیا۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے رجسٹریشن کے عمل کا خود جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس عمل کو شفاف، تیز اور مؤثر بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک نظام کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور “پہچان” ایپ اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
اس مہم کے تحت مرحلہ وار شہر بھر کی تمام بائیکس اور پبلک سروس گاڑیوں کو ایپ میں شامل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ٹرانسپورٹ سیکٹر کو منظم کرنا، شہریوں کے سفر کو محفوظ بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنانا ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ ایک محفوظ اور مثالی ٹریفک نظام قائم کیا جا سکے۔
🚦 ایبٹ آباد: ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے “پہچان” ایپ کا دائرہ وسیع.
17