نقل کے خلاف سخت اقدامات — ایبٹ آباد بورڈ کا طلباء کیلئے اہم پیغام.

22

ایبٹ آباد: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد کے چیئرمین عنایت اللہ وسیم نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے حوالے سے طلباء و طالبات کے لیے ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے نقل کے خاتمے کے لیے سخت پالیسیوں کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین نے واضح کیا کہ امتحانات میں نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے طلباء کو سخت سزا دی جائے گی، جس کے تحت ایسے امیدواروں کو تین سال کے لیے امتحانات میں شرکت سے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی میٹرک کی طرز پر کلسٹر سسٹم کے تحت منعقد کیے جائیں گے، جس کا مقصد امتحانی عمل کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور نقل کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔
چیئرمین عنایت اللہ وسیم نے طلباء کی تعلیمی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹرک کے پریکٹیکل امتحانات میں طلباء کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی، اس لیے ایف ایس سی میں پریکٹیکل کے نمبرز روایتی انداز میں نہیں دیے جائیں گے بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔ انہوں نے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ پریکٹیکل کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے امتحانی نظم و ضبط کے حوالے سے بھی سختی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جو طلباء صبح 9 بجے کے بعد امتحانی مرکز پہنچیں گے، انہیں آبجیکٹو (MCQs) حصہ حل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لہٰذا تمام امیدوار بروقت امتحانی مراکز میں پہنچنا یقینی بنائیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر چیئرمین نے طلباء کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا:
“پرندوں کو اپنے پروں پر اعتماد ہوتا ہے، اسی طرح طلباء کو بھی اپنی محنت اور صلاحیتوں پر یقین رکھنا چاہیے اور ایمانداری کے ساتھ امتحان دینا چاہیے۔ کامیابی محنت کرنے والوں کا مقدر بنتی ہے۔”
انہوں نے والدین اور اساتذہ سے بھی اپیل کی کہ وہ طلباء کی رہنمائی کریں اور انہیں نقل جیسے غیر اخلاقی عمل سے دور رکھیں تاکہ ایک صاف اور شفاف تعلیمی ماحول قائم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں