مانسہرہ: سیکرٹری جنگلات کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ محترمہ ثناء فاطمہ نے ایس ڈی ایف او مانسہرہ ملک طاہر اور مقامی پولیس کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر رجسٹرڈ آرا مشینوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران متعدد آرا مشینوں کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں سے کئی مشینیں بغیر رجسٹریشن اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر چلائی جا رہی تھیں۔ حکام نے موقع پر ہی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بعض مشینوں کو سیل بھی کر دیا، جبکہ مالکان کو ضروری دستاویزات پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائیاں جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ کی روک تھام، غیر قانونی لکڑی کے کاروبار کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی غفلت یا قانون شکنی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر ثناء فاطمہ نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی آرا مشینوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور قانون کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔













انتظامیہ نے مزید خبردار کیا کہ آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے اور قانونی سزائیں شامل ہوں گی۔
مانسہرہ: غیر رجسٹرڈ آرا مشینوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، متعدد افراد کے خلاف قانونی کارروائی.
30