📢 ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹر پروفیشنل کوآرڈینیشن اجلاس — امن و امان کیلئے اہم پیش رفت.

25

ڈیرہ اسماعیل خان: ریجنل پولیس آفس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غلام مبشر مَیکن کی زیر صدارت ایک اہم انٹر پروفیشنل کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی صورتحال اور انسدادِ جرائم کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈی پی او ڈیرہ ضیاءالدین احمد، ایس پی سی ٹی ڈی ریجن ون، ریجنل پولیس آفیسر ژوب، ریجنل پولیس آفیسر لورالائی، ڈی پی اوز جنوبی وزیرستان اپر، ژوب، موسیٰ خیل، شرانی، ایس پیز صدر ڈیرہ ڈویژن اور سی ٹی ڈی ریجن ٹو سمیت متعلقہ اضلاع کے ایس ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد اضلاع کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو فروغ دینا، دہشت گردوں اور اشتہاری مجرمان کے خلاف مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا اور انسدادِ جرائم کے اقدامات کو مزید مربوط بنانا تھا۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر مَیکن نے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلے کو یقینی بنایا جائے اور مشترکہ آپریشنز کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ حساس نوعیت کے واقعات میں فوری، مربوط اور منظم ردعمل ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید پولیسنگ، پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور مؤثر حکمت عملی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام ادارے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے اور مربوط اقدامات جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں