سوات کے علاقے رحیم آباد میں پولیس نے اسلحہ کی نوک پر 7 لاکھ روپے لوٹنے کے مبینہ واقعے کا ڈرامہ بے نقاب کرتے ہوئے مدعی کو ہی گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مدعی عطاء اللہ خان ولد زید، سکنہ مدین نے تھانہ رحیم آباد میں رپورٹ درج کروائی تھی کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے اسے روک کر 7 لاکھ روپے لوٹ لیے ہیں۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ واقعے کی تفصیلی تحقیقات شروع کیں۔ جدید تفتیشی طریقوں اور شواہد کی جانچ کے دوران حیران کن انکشافات سامنے آئے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مدعی نے خود ہی لوگوں سے رقم وصول کرنے کے بعد لوٹ مار کا جھوٹا ڈرامہ رچایا تاکہ 7 لاکھ روپے ہڑپ کیے جا سکیں۔
پولیس کی بروقت اور شفاف کارروائی کے نتیجے میں منصوبہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ جھوٹی رپورٹ درج کروانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔