Mansehra کے علاقے ڈھوڈیال میں پیش آنے والے دوہرے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں نامزد ملزم کامران غازی کو عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران ہونے والے جھگڑے کے نتیجے میں ملزمان کامران غازی، شہزاد غازی اور دیگر افراد نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے سہراب خان اور عقیل خان کی اہلیہ کو قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی تھیں۔
گزشتہ روز مقامی عدالت میں نامزد ملزم کامران غازی کی قبل از گرفتاری ضمانت (بی بی اے) کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست خارج کر دی، جس کے فوراً بعد موجود پولیس اہلکاروں نے ملزم کو احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔