اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز میں غیر قانونی شکار میں ملوث ایک غیر ملکی (چینی) باشندے کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملزم نے نایاب نسل کے ہرن سمیت متعدد جنگلی جانوروں کا شکار کیا۔ واقعے کے بعد تھانہ کوہسار میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ای سیون کے جنگلاتی علاقے میں لگائے گئے پھندے میں جنگلی جانور کے پھنسنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خفیہ نگرانی شروع کر دی۔
رات گئے غیر ملکی شہری موقع پر پہنچا، جہاں اس نے پھندے میں پھنسے جنگلی جانور کو کاٹ کر باکس میں پیک کیا، تاہم وائلڈ لائف ٹیم نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
گرفتاری کے دوران ملزم نے مزاحمت بھی کی اور ایک وائلڈ لائف اہلکار کو دانتوں سے کاٹ کر زخمی کر دیا۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ لائف منیجمنٹ ایکٹ 2024 کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
مارگلہ ہلز میں غیر قانونی شکار، غیر ملکی شہری گرفتار.
21