فیفا ورلڈ کپ 2026ء فائنل کے ٹکٹوں نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، ایک نشست کی قیمت 28 ہزار ڈالر سے تجاوز.

26

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میچ کے ٹکٹ امریکی کھیلوں کی تاریخ کے مہنگے ترین ٹکٹ قرار دے دیے گئے ہیں، جن کی قیمتوں نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
فوربز کی رپورٹ کے مطابق فائنل میچ کے لیے کم از کم ٹکٹ کی قیمت 6,943 ڈالر جبکہ اوسط خریداری قیمت 11,327 ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو امریکا میں کسی بھی کھیل کے ایونٹ کے لیے اب تک کی بلند ترین اوسط قیمت ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں سیکشن 115A کی ایک نشست کی قیمت 28,479 ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو شائقین کے لیے حیران کن ہے۔
اس سے قبل 2024ء کے سپر باؤل کے ٹکٹ اوسطاً 9,411 ڈالر کے ساتھ امریکا کے مہنگے ترین کھیلوں کے ایونٹ کا ریکارڈ رکھتے تھے، تاہم فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل نے یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
دوسری جانب ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کے ساتھ اپنی 2007ء کی وائرل تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے اسے زندگی کے حیران کن اتفاقات میں سے ایک قرار دیا۔
میسی نے لامین یامال کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں دنیا کے بہترین نوجوان کھلاڑیوں میں شمار کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ میسی اور لامین یامال کی مشترکہ تصویر 2024ء میں اس وقت دوبارہ وائرل ہوئی تھی جب یامال کے والد نے اسے یورپی چیمپئن شپ کے دوران سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں