لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے دورۂ سری لنکا کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں فارمیٹس کے لیے 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز منتخب کیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز میں قومی ویمن ٹیم کی قیادت کریں گی، جبکہ ان کی عدم دستیابی میں منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتانی کے فرائض انجام دیں گی۔ فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز کے بعد انگلینڈ میں منعقد ہونے والے دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک ٹیم کے مقابلے میں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز کریں گی، جبکہ ماہم انیس اور سائرہ جبین کو ون ڈے ڈیبیو کا بھی موقع مل سکتا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جو 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ مکمل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک جاری رہے گی۔
دورۂ سری لنکا: پاکستان ویمن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان، فاطمہ ثناء ون ڈے جبکہ منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گی.
30