روہت شرما کے مستقبل سے متعلق خبروں پر بھارتی کرکٹ بورڈ برہم، سلیکٹرز کو میڈیا سے گفتگو سے گریز کی ہدایت.

7

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے قومی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے ون ڈے کیریئر سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے قومی سلیکٹرز کو میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما کے ون ڈے مستقبل پر جاری بحث کے دوران بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روہت شرما اس وقت تک بھارتی ٹیم کا حصہ رہیں گے جب تک وہ ٹیم کے مستقبل کے منصوبوں میں شامل ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روہت شرما کی حالیہ کارکردگی سلیکٹرز کو مطمئن نہیں کر سکی۔ انہوں نے اپنی گزشتہ 8 ون ڈے اننگز میں 241 رنز بنائے، جہاں ان کی اوسط 30.12 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 88.60 رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بعض سلیکٹرز نے مبینہ طور پر افغانستان سیریز سے قبل روہت شرما کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ انہیں مستقبل کے منصوبوں کا حصہ نہیں سمجھتے، جبکہ اس معاملے سے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی باخبر تھے۔
اس کے باوجود روہت شرما کو افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے منتخب کیا گیا، تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے دو میچوں میں وہ صرف 11 اور 26 رنز بنا سکے، جس کے بعد ان کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیاں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں۔
دوسری جانب 2027ء آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں روہت شرما کی ممکنہ شرکت بھی زیرِ بحث ہے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ یا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں