ایبٹ آباد: ہرنو میں ہائی فلڈ لیول ایریا پر بڑا آپریشن، 50 کنال سرکاری اراضی واگزار.

19

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی ہدایات پر سیاحتی مقام ہرنو میں ہائی فلڈ لیول ایریا میں قائم تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے تقریباً 50 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات محمد طارق نے محکمہ آبپاشی اور تھانہ بگنوتر پولیس کے تعاون سے انسدادِ تجاوزات آپریشن کی نگرانی کی۔ کارروائی ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی نشاندہی پر دریائی گزرگاہ اور ہائی فلڈ لیول میں دوبارہ قائم کی گئی تعمیرات کے خلاف کی گئی۔
آپریشن کے دوران 3 سوئمنگ پول، ایک بلاک فیکٹری، 6 زیر تعمیر عمارتیں، متعدد کیبنز اور باڑ لگا کر قائم کی گئی تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔









ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سال بھی ہرنو میں پختہ تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا تھا، تاہم بعض مقامات پر دوبارہ غیرقانونی تعمیرات قائم کر لی گئی تھیں، جن کے خلاف یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن متعلقہ اداروں کی موجودگی میں پرامن انداز میں مکمل کیا گیا اور ہائی فلڈ لیول ایریا کو اس کی اصل حالت میں بحال کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں