کھیلوں کی خبریں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے نے امریکا میں ناظرین کی تعداد کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، جہاں تقریباً 6 کروڑ 30 لاکھ (63 ملین) افراد نے میچ دیکھا۔
نیوجرسی میں کھیلے گئے فائنل میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم اسپین نے اضافی وقت کے 106ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کر کے ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دیتے ہوئے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس کے مطابق انگریزی زبان کی نشریات کو 3 کروڑ 89 لاکھ افراد نے دیکھا، جبکہ ٹیلی مونڈو اور اس کے اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر ہسپانوی نشریات کو 2 کروڑ 39 لاکھ ناظرین نے دیکھا، جس کے بعد مجموعی ویورشپ 63 ملین تک پہنچ گئی۔
یہ تعداد 2022 کے ورلڈ کپ فائنل کے امریکی ناظرین سے کئی گنا زیادہ رہی، جبکہ ٹورنامنٹ کے متعدد ناک آؤٹ میچز نے امریکا کی دیگر بڑی کھیلوں کی چیمپئن شپ کے مقابلوں کو بھی ویورشپ میں پیچھے چھوڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اور میکسیکو کے درمیان پری کوارٹر فائنل کو بھی تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ افراد نے دیکھا، جو ایم ایل بی ورلڈ سیریز اور این بی اے فائنلز کے فیصلہ کن مقابلوں سے زیادہ تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ فٹبال امریکا میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ اس بار امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی، امریکی اوقات کے مطابق میچز کا انعقاد، اور لیونل میسی و کرسٹیانو رونالڈو جیسے عالمی ستاروں کی شرکت نے بھی شائقین کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ کیا۔
میڈیا ماہرین کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران اشتہارات سے نشریاتی اداروں کو بھی بھاری مالی فائدہ ہوا، جبکہ ناک آؤٹ مرحلے کے دوران 30 سیکنڈ کے اشتہار کی قیمت 10 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 فائنل نے امریکا میں ناظرین کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا.
24