اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد علاقوں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور زمینی رابطے منقطع ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث میانوالی میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں سیلابی پانی آبادی میں داخل ہو گیا۔
دوسری جانب دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ دادو میں گاج ندی میں طغیانی کے باعث 10 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ دو روز کے دوران 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادھر گلگت بلتستان کے ضلع چلاس اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جبکہ استور ویلی روڈ گزشتہ 6 روز سے بند ہونے کے باعث اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہونے لگی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال، معمولاتِ زندگی شدید متاثر.
23