راولپنڈی: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی محرومیوں کا ازالہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کر سکتی ہے، اس لیے پارٹی کارکن بھرپور محنت کرکے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
راولپنڈی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کچھ لوگ مریم نواز سے پوچھتے ہیں کہ کیا صرف لاہور میں سڑکیں بنائی گئیں؟ پنجاب آ کر دیکھیں، ہر شہر میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “رونا دھونا چھوڑیں، نواز شریف جیسی موٹرویز اور شہباز شریف جیسی میٹرو سروس بنا کر دکھائیں۔”
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج مظفرآباد کی سڑکوں پر گرین بسیں چل رہی ہیں، جبکہ صرف 18 ماہ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “اپنا گھر، اپنی چھت” پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد کو گھروں کی سہولت فراہم کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں ایک لاکھ طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ 50 ہزار طلبہ کو “ہونہار اسکالرشپ” پروگرام کے تحت وظائف بھی دیے گئے۔
