لاہور: اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پر مبینہ طور پر پولیس چھاپہ مارنے کے معاملے پر ایس ایچ او سرور روڈ سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں کو اٹارنی جنرل کے ساتھ واقع ایک گھر سے متعلق اطلاع موصول ہوئی تھی، تاہم وہ مبینہ طور پر غلطی سے منصور اعوان کی رہائش گاہ میں داخل ہو گئے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ایس ایچ او سرور روڈ اور دیگر 11 اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی کیا گیا ہے۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے چھاپہ مار کر اختیارات سے تجاوز کیا۔
اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان کے مطابق ایس ایچ او اہلکاروں کے ہمراہ گیٹ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی اپنے ساتھ لے گئی۔
ڈرائیور کا مزید کہنا تھا کہ چھاپے کے وقت گھر میں صرف ملازمین موجود تھے، جبکہ پولیس مبینہ طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج ڈیلیٹ کرنے کے بعد ڈی وی آر واپس کر گئی۔ چھاپے کے دوران گھر کے باہر رکھے گملوں کو بھی نقصان پہنچا۔
‘
دوسری جانب ایس ایچ او سرور روڈ نے متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔
اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر پولیس چھاپہ، ایس ایچ او سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج.
23