قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا موٹروے پولیس پر اظہارِ برہمی، شہریوں کے نکاح نامے چیک نہ کرنے کی ہدایت.

21

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کے نکاح نامے چیک کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ایسا نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
سینیٹر پرویز رشید کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں موٹروے پولیس کے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے استفسار کیا کہ سینیٹرز کے نام ہینڈ آؤٹ میں کس بنیاد پر شامل کیے گئے اور موٹروے پولیس کو کیسے معلوم ہوا کہ برآمد ہونے والا سامان مخصوص سینیٹرز سے متعلق تھا۔
سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ کسی فرد کے ذاتی عمل کو سینیٹ یا قائمہ کمیٹی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا اور اگر کسی ادارے نے نام جاری کیے ہیں تو اس کی مکمل وضاحت ہونی چاہیے۔
اجلاس کے دوران آئی جی موٹروے پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا کام صرف قانون کے مطابق کارروائی کرنا ہے، کسی شخصیت یا ادارے پر تبصرہ کرنا نہیں۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ موٹروے پولیس ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اس کی اچھی ساکھ برقرار رہنی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہریوں کے نکاح نامے چیک کرنے کی اجازت کس نے دی، اور ہدایت کی کہ آئندہ کسی کا نکاح نامہ چیک نہ کیا جائے۔
اجلاس میں این ایچ اے کے ترقیاتی منصوبوں، فنڈز کی تقسیم، سگریٹ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں اور پاکستان ایکسپریس وے منصوبے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ موٹروے پر پیش آنے والے حالیہ واقعے کی انکوائری رپورٹ بھی کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں