ایبٹ آباد: نواں شہر میں پولیس مقابلہ، منشیات فروش اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی، آئس اور اسلحہ برآمد.

22

ایبٹ آباد: تھانہ نواں شہر کی حدود میں پولیس اور مبینہ منشیات فروشوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جبکہ پولیس نے اسے گرفتار کر کے آئس اور اسلحہ برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ نواں شہر کیڈٹ قمر سواتی نے پولیس نفری کے ہمراہ ٹاؤن شپ روڈ پر مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مبینہ منشیات فروش واجد محمود ولد میر عالم، سکنہ اسپیدار کاکول، اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے 330 گرام آئس اور ایک پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم میرپور کینٹ پولیس اسٹیشن میں منشیات کے متعدد مقدمات میں بھی مطلوب رہا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں