تربت: بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت کے علاقے ناصر آباد سے 6 افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق تمام لاشوں پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں۔ لاشوں کو شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مقتولین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ذمہ داروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی تربت سے 6 مزدوروں کے اغواء کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم پولیس نے موجودہ واقعے اور اس اغواء کے درمیان کسی تعلق کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔