ہنگو: دہشت گرد حملے میں شہید 10 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا، 22 اہلکار زخمی.

22

ہنگو: ضلع ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں سول انتظامیہ، پولیس کے اعلیٰ افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہداء کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
حملے میں ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 22 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں 12 سے 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں