ہنگو: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ہونے والے آپریشن میں ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 22 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق حبیب کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں اب تک 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی اہلکاروں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔