مانسہرہ: احاطۂ عدالت کے قریب نجی گاڑی سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد، ایک ملزم گرفتار.

27

مانسہرہ: تھانہ سٹی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے احاطۂ عدلیہ مانسہرہ کے قریب ایک نجی گاڑی سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی کی نگرانی میں اے ایس آئی شکیل تنولی اور پولیس ٹیم نے دورانِ ناکہ بندی ایک نجی پراڈو گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں سوار خرم شہزاد ولد شہزاد، سکنہ ٹاؤن شپ، کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا، جس کے متعلق وہ موقع پر کوئی قانونی دستاویزات پیش نہ کر سکا۔
برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک کلاشنکوف 7.62، ایک رائفل .223 بور، ایک رائفل 8 ایم ایم، ایک پستول 9 ایم ایم، ایک پستول 30 بور سمیت مختلف بور کے کارتوس اور میگزین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ مذکورہ گاڑی مانسہرہ کے رہائشی لعل خان کی ملکیت ہے، جن کے ایک سابقہ فوجداری مقدمے میں نامزد ملزم کی اسی روز عدالت میں پیشی مقرر تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پہلو سے بھی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا عدالتی پیشی کے موقع پر کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی منصوبہ بندی تو نہیں کی جا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق بروقت کارروائی اور مؤثر ناکہ بندی کے باعث ایک ممکنہ سنگین واقعے کو ٹال دیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں