کرکالہ میں رشتہ کے تنازع پر فائرنگ، تین سگے بھائی جاں بحق، ایک بچہ زخمی، 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج.

22

مانسہرہ: تھانہ لاری اڈہ کی حدود محلہ شیر خان، کرکالہ میں رشتہ کے تنازع پر ہونے والی اندوہناک فائرنگ کے نتیجے میں تین سگے بھائی جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایت پر ایس پی سٹی شاہنواز خان جائے وقوعہ پہنچے، موقع کا معائنہ کیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محمد نذیر، کثیر اور گل نواز ولد حیات خان شامل ہیں، جبکہ ایک کمسن بچہ زخمی ہوا ہے۔
مدعی ندیم ولد حیات گل، قوم کسان خیل کوہستانی نے پولیس کو بتایا کہ اس کی منگنی تقریباً چھ سے سات سال قبل مقامی رسم و رواج کے مطابق ایک خاتون سے ہوئی تھی، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے عبدالرزاق، نسیم اور دیگر افراد کی جانب سے منگنی ختم کرنے کے لیے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔
مدعی کے مطابق وقوعہ کے روز ولید، شبیر، نسیم، شمس القمر، سلیم اللہ اور دیگر ملزمان اسلحہ سے لیس ہوکر گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اس کے تین بھائی جاں بحق جبکہ بھتیجا زخمی ہوگیا۔ ملزمان اپنی گاڑیاں موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے تھانہ لاری اڈہ میں مقدمہ نمبر 756 زیر دفعات 302، 324، 452، 148، 149 اور 109 تعزیراتِ پاکستان درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں دو خواتین سمیت مجموعی طور پر 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔





پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں