ایبٹ آباد پولیس کی دو بڑی کارروائیاں، منشیات فروش گرفتار، نابالغ لڑکی بازیاب، 3 ملزمان گرفتار.

26

ایبٹ آباد: تھانہ نواں شہر پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ نابالغ لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا کے تین ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔
پولیس پریس ریلیز کے مطابق ایس ایچ او تھانہ نواں شہر کیڈٹ قمر شہزاد نے دورانِ گشت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منشیات فروش احسن رشید کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 1050 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 150 گرام آئس برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایک اور کارروائی میں نابالغ لڑکی سے مبینہ زبردستی نکاح کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ نے ڈی ایس پی سرکل میرپور کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ نواں شہر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان عابد، ناہید اور منظور کو گرفتار کر لیا اور مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو پابندِ سلاسل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں