اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جعلی ای چالان (E-Challan) پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سائبر فراڈ سے بچنے کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔
ٹریفک پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری جعلی ویب سائٹس، مشکوک لنکس اور غیر مصدقہ ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات سے ہمیشہ محتاط رہیں اور ایسے پیغامات میں موجود کسی بھی لنک پر ہرگز کلک نہ کریں۔
پولیس کے مطابق اگر کسی شہری کو مشکوک یا جعلی ای چالان کا پیغام موصول ہو تو فوری طور پر اس کی اطلاع متعلقہ پولیس یا ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ شہری اپنے ای چالان کی تصدیق صرف سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کریں اور غیر مصدقہ ذرائع پر کسی بھی قسم کی ذاتی یا مالی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔