سوات: کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکا، 14 افراد شہید، 25 سے زائد زخمی.

24

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے اسے روک لیا، جس پر حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے وقت مقامی امن کمیٹی کا پرامن احتجاج بھی جاری تھا، جس کے باعث جائے وقوعہ پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
شہدا اور زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں جبکہ متعدد شہری بھی زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او سوات محمد عمر گنڈاپور کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، جو بظاہر خودکش حملہ آور کا معلوم ہوتا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور حملہ آور کی شناخت سمیت واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ترجمان جے یو آئی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں