ہنگو چیک پوسٹ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ آپریشن میں ہلاک.

34

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ، کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر احمد عرف امیر معاویہ ہلاک ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہنگو کے علاقے چھپڑی نریاب میں کیے گئے آپریشن کے دوران احمد عرف امیر معاویہ مارا گیا، جسے حکام نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کا مبینہ منصوبہ ساز قرار دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امیر معاویہ تنظیم میں کمانڈر کاظم کے بعد اہم ذمہ داری پر فائز تھا اور سیکیورٹی فورسز کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وہ 29 جولائی کو ہنگو کی خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں بھی مبینہ طور پر ملوث تھا، جس میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے تھے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ کارروائی ہنگو پولیس کے شہداء کے خون کا بدلہ ہے اور دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگی۔ حکام نے واضح کیا کہ حملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں