مانسہرہ کے سیاحتی علاقے بالاکوٹ کے قریب کھولیاں کے مقام پر پہاڑ سے اچانک وزنی پتھر اور مٹی کا تودہ گرنے سے سیاحوں کی مہران کار حادثے کا شکار ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق گاڑی ناران سے سیر و تفریح کے بعد قلندر آباد واپس جا رہی تھی کہ راستے میں سنگ باری اور پہاڑی پتھروں کی زد میں آ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار زوریان رمیز نامی کمسن بچہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو خواتین شدید زخمی ہوئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرین کو تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال بالاکوٹ منتقل کیا۔
ہسپتال میں طبی عملے نے زخمی خواتین کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی، جبکہ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد کمسن بچے زوریان رمیز کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔