کراچی: میر رضا علی کی موت پر والد کے سنگین الزامات، تحقیقات کا مطالبہ.

38

کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس کے رہائشی میر رضا علی خان کی پراسرار موت کا معمہ تاحال حل نہ ہو سکا، جبکہ مقتول کے والد نے واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے تحقیقات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

‘جیو نیوز’ سے گفتگو کرتے ہوئے میر رضا علی کے والد حسین رضا نے دعویٰ کیا کہ ان کے بیٹے کو قتل کیا گیا اور اس واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کے چہرے، جسم اور ہاتھوں کے فنگر پرنٹس جلائے گئے، جبکہ اسے پیچھے سے گولی ماری گئی۔

والد نے میڈیکل رپورٹ پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ رپورٹ میں صرف گولی لگنے کا ذکر کیوں ہے، جبکہ مبینہ تشدد کی تفصیلات شامل کیوں نہیں کی گئیں۔

حسین رضا کے مطابق میر رضا 28 جولائی کو لاپتا ہوئے تھے، جبکہ ان کی لاش 29 جولائی کو ملی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان 24 گھنٹوں کے دوران ان کے بیٹے کے ساتھ کیا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر سے روانگی سے قبل میر رضا کی اپنی بہن سے بات ہوئی تھی، جبکہ ٹیکسی ڈرائیور نے بھی بتایا کہ وہ خوشگوار موڈ میں تھے اور گاڑی میں گانے سن رہے تھے۔

میر رضا علی کے والد نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کیس کی شفاف، غیرجانبدار اور مکمل تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں