مریم نواز کے سرکاری طیارے کے استعمال پر تنقید، پنجاب حکومت کی وضاحت.

28

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے پنجاب حکومت کے طیارے کے ذریعے لندن جانے پر سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز نے لندن کے دورے کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان کوثر کاظمی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کا کوئی بھی دورہ مکمل طور پر نجی نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق مریم نواز نے دورے کے دوران برطانیہ میں کاروباری شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ناقدین کا مؤقف ہے کہ صرف بیانات کافی نہیں، بلکہ سرکاری طیارے کے استعمال اور اخراجات سے متعلق رسیدیں اور مکمل تفصیلات بھی سامنے لائی جانی چاہئیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پنجاب حکومت کو سرکاری طیارے کے معاملے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ رواں برس فروری میں بھی تقریباً 11 ارب روپے مالیت کے گلف اسٹریم جی 500 طیارے کی خریداری پر سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں