ایبٹ آباد: ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی زیرِ صدارت ضلع پولیس کے افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس پی حویلیاں محمد اشتیاق، ایس پی کینٹ راجہ محبوب، تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور متعلقہ شعبہ جات کے انچارجز نے شرکت کی۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔
منشیات فروشوں کا قلع قمع اور قبضہ مافیا، مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
ہوائی فائرنگ، جوئے کے اڈوں اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔
پولیس اہلکار عوام سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔
تفتیش کی میرٹ کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے، کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
عورتوں اور بچوں سے متعلق جرائم میں مقدمات کے بروقت اندراج اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
حساس اور عوامی مقامات، اہم و سرکاری عمارتوں اور غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور ناکہ بندیوں میں تیزی لائی جائے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں قانون کے مطابق مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔