یونین کونسل بوئی کے گاؤں میں آگ لگ گئ، کئی مکانات جل کر خاکستر

80

ایبٹ آباد : یونین کونسل بوئی کے گاؤں رنکوٹ، محلہ ٹاری بیر میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے پوری بستی کو لہکایا اور دیکھتے ہی دیکھتے دس گھروں کو خاکستر کر دیا۔ آگ کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ مجموعی نقصان کا تخمینہ تقریباً ایک کروڑ روپے سے زیادہ لگایا جا رہا ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت گھروں میں موجود چھوٹے بچوں سمیت کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رنکوٹ گاؤں ایبٹ آباد سے تقریباً 45 کلو میٹر دور واقع ہے، اور اہلِ علاقہ کے مطابق اگر ریسکیو 1122 اور فائربریگیڈ بروقت پہنچ جاتے تو اتنا بڑا نقصان ہونے سے بچایا جا سکتا تھا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو کی گاڑیاں اس وقت پہنچیں جب گھر مکمل طور پر جل چکے تھے۔

اس موقع پر مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھرپور جدوجہد کر کے آگ کو مزید گھروں تک پھیلنے سے روکا اور ایک زندہ و متحد قوم ہونے کا عملی ثبوت پیش کیا۔ پولیس اور ریسکیو حکام آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں