لوئر کوہستان : کوہستان کے مسلسل تنزّل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دیکھتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا کی موجودہ قیادت اور متعلقہ اداروں کی غفلت نے عوام میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔
سلطنتِ عمرانیہ کے سربراہ سلیم سواتی اور مختلف سماجی و سیاسی نمائندوں کی رہنمائی میں عوام سڑکوں، بجلی اور بنیادی سہولیات کی بحالی کے لیے پرامن احتجاج کر رہے ہیں، مگر ڈسٹرکٹ انتظامیہ، اور خاص طور پر واپڈا کی مسلسل بے حسی نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔
کوہستان میں کرپشن اور معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزیوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ کئی دہائیوں سے بجلی اور سڑکوں کے مسائل جوں کے توں ہیں، جبکہ واپڈا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر آج تک سنجیدہ عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انسانی حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور انصاف کے تقاضے مکمل طور پر نظرانداز ہو رہے ہیں۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ تمام انتظامی ادارے فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں، احتجاج کرنے والوں کی آواز سنیں، اور واپڈا سمیت متعلقہ محکموں کے طرزِ عمل پر سخت نظرِ ثانی کرتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔
عوام مزید ظلم، جبر اور تاخیری ہتھکنڈوں کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔