بٹگرام: ہوٹل دیشان کے قریب واقع پہاڑی علاقے میں نامعلوم افراد کی جانب سے آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر رضوان برکی فوری طور پر موقع پر پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ ایس ایچ او چانجل زائد خان اور ریسکیو ٹیم بھی موجود تھی۔
انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پا لیا گیا، جس کے باعث کسی بڑے جانی یا مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ اس موقع پر علاقے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں کو مزید حفاظتی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ واضح کرتی ہے کہ جنگلات یا پہاڑی علاقوں میں آگ لگانا ایک سنگین جرم ہے۔ اس عمل سے قیمتی درخت جل کر تباہ ہو جاتے ہیں جبکہ جنگلات میں موجود پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کی جانیں بھی شدید خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، آگ لگانے جیسے کسی بھی مشکوک عمل کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ عوام کے تعاون سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پُرعزم ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔