ہریپور : ہری پور میں برادر ملک ترکی کے تعاون سے ایک فلاح
ادارے کے زیرِ اہتمام 41 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، ترک فلاحی تنظیم کے وائس چیئرمین اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے نوبیاہتا جوڑوں کا نکاح خود پڑھایا۔ اس موقع پر ہر دلہن کو ضروریاتِ زندگی پر مشتمل جہیز فراہم کیا گیا جبکہ 41 جوڑوں کو 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے برائیڈل گفٹس بھی دیے گئے اور ہر جوڑے کو برادر اسلامی ملک ترکی کے مہمانوں کی طرف سے 200 ڈالر سلامی بھی دی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ برادر ملک ترکی کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا اہتمام قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے تمام نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
فلاحی ادارے کے چیئرمین ندیم احمد خان نے بتایا کہ گزشتہ 25 برسوں سے مستحق اور یتیم بچیوں کی باعزت رخصتی کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور اب تک 456 بچیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں وہ تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جو والدین اپنے بچوں کی شادی پر مہیا کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے خاندانوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔