مانسہرہ: اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ محترمہ ثناءفاطمہ نے آج گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فار چلڈرن ود ہیئرنگ اینڈ اسپیچ امپیئرمنٹ، مانسہرہ میں منعقدہ سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ادارے کے محنتی اساتذہ اور عملے کی انتھک کاوشوں کو سراہا گیا جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب کا مقصد خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور اساتذہ و عملے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
اے سی مانسہرہ محترمہ ثنا فاطمہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے اساتذہ اور ادارے کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔