منشیات کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی پروگرام

85

مانسہرہ: ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے زیرِ اہتمام نجی کالج اکبر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ نرسنگ کالج، مانسہرہ میں “منشیات کے استعمال کی روک تھام: ہمارے نوجوانوں کا تحفظ” کے عنوان سے ایک روزہ آگاہی سیمینار کامیابی سے منعقد ہوا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ اور نوجوانوں کو منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرات، اس کے سماجی و قانونی نتائج اور مؤثر حفاظتی حکمتِ عملیوں سے آگاہ کرنا تھا تاکہ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایس پی سٹی شاہنواز خان، ایس پی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں منشیات سے وابستگی کے سنگین قانونی نتائج، منشیات کے جرائم کے تدارک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ امجد زرین اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول آفیسر نے بطور مہمانِ مقرر شرکت کی. اور منشیات کنٹرول کے نظام، روک تھام پر مبنی نفاذی حکمتِ عملیوں اور ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے کردار پر جامع بریفنگ دی۔

انہوں نے آگاہی بروقت روک تھام اور کمیونٹی کے باہمی تعاون کو اس ناسور کے خلاف مؤثر ہتھیار قرار دیا۔سیمینار میں نذیر احمد سی ای او AIMS اور ذکریا خان سواتی سی ای او گرین ویلی ریسٹورنٹ نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔ معروف سوشل ورکر و یوتھ اسمبلی ممبر عبدالرحمان مانی خان سواتی نے بھی شرکت کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔

میڈیا نمائندگان سینئر صحافی خاور عباسی، راجہ کامران، اکرام قریشی نے خصوصی شرکت و کوریج کی. پروگرام ہادیہ سعید جہانگیری (چیف آرگنائزر) کی قیادت میں، رضیہ مسعود (سیکرٹری برائے منشیات کی روک تھام) کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جبکہ مستبشرہ مہک (کیمپس کوآرڈینیٹر) اور عزیر علی نے بھی انتظامی امور میں بھرپور کردار ادا کیا۔ ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کی ڈرگ ابیوز اینڈ پریوینشن ٹیم کی فعال معاونت سے سیمینار کو کامیاب بنایا گیا۔

سیمینار میں طلبہ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی اور منشیات کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔ عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے ینگ لیڈرز پارلیمنٹ ممبران کی اس احسن کاوش پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی عوامی آگاہی و فلاح و بہبود ایسے پروگرامات جاری رکھیں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں