دربند میں بالن کی لکڑی کی قیمت آسمان کو چھونے لگی، انتظامیہ خاموش تماشائی

72

مانسہرہ : دربند میں بالن کی لکڑی کی قیمت آسمان کو چھونے لگی، انتظامیہ خاموش تماشائی۔

دربند میں بالن کی لکڑی کی قیمت ایک ہزار روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جو غریب اور متوسط طبقے کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ شدید سردی کے موسم میں جہاں لکڑی عام آدمی کی بنیادی ضرورت ہے، وہیں اس کی بے تحاشا مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق دربند سے روزانہ کی بنیاد پر بالن کی لکڑیاں ٹرکوں میں بھر کر دوسرے شہروں کو منتقل کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں لکڑی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اس غیر قانونی اور بے قابو ترسیل کا خمیازہ دربند کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، جو مہنگے داموں لکڑی خریدنے پر مجبور ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے اس سنگین صورتحال پر تاحال خاموش ہیں۔ نہ تو لکڑی کی بیرونِ شہر ترسیل پر کوئی پابندی عائد کی گئی ہے اور نہ ہی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام اٹھایا گیا ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دربند سے لکڑی کی غیر ضروری اور غیر قانونی ترسیل روکی جائے، قیمتوں کا تعین کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں