فنڈز کی فراہمی، اختیارات کی بحالی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایبٹ آباد میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ

79

ایبٹ آباد: امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی کی قیادت میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی فراہمی، اختیارات کی بحالی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ایبٹ آباد میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جو بعد ازاں ایک بڑے جلسے کی صورت اختیار کر گیا۔

یہ مظاہرے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے پورے ملک میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ خیبر پختونخوا میں یہ احتجاج بلدیاتی اداروں کے کردار اور فعالیت کی بحالی، انہیں درکار فنڈز کے اجراء، سہولیات کی فراہمی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے مطالبات کے لیے کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ صوبے میں بلدیاتی اداروں کو دانستہ طور پر غیر مؤثر بنایا گیا ہے، جس سے عوامی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پنجاب میں یہ مظاہرے پنجاب حکومت کے نافذ کردہ بلدیاتی نظام کو غاصبانہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کیے گئے، جبکہ کراچی میں بلدیاتی اداروں کو فعال بنانے، فنڈز کی فراہمی، انتظامی بے ضابطگیوں اور میئر کے انتخابات میں ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے احتجاج کیا گیا۔

ایبٹ آباد میں ہونے والا مظاہرہ ہزارہ بھر سے آنے والے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت کے باعث ایک بڑے عوامی جلسے میں تبدیل ہو گیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے اپنے خطاب میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدوں کے مطابق بلدیاتی اداروں کو فوری طور پر فعال کرے، انہیں مکمل فنڈز فراہم کرے، ان کے اختیارات بحال کرے اور بلدیاتی نمائندوں کو عوامی خدمت کے لیے ضروری سہولیات مہیا کرے۔

جلسے سے ممبر پاکستان بار کونسل قاضی محمد ارشد سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ قانون کی بالادستی، آئین کی پاسداری، شفاف نظام اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی اس جدوجہد کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت ادھوری ہے اور عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں، اس لیے حکومت کو فوری طور پر بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنا کر اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں