پولیس لائنز مانسہرہ میں پولیس دربار کا انعقاد

70

مانسہرہ: پولیس ملازمین کے جائز مسائل اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان کی زیر صدارت پولیس لائنز مانسہرہ میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا۔

پولیس دربار میں پولیس افسران اور جوانوں نے اپنے ذاتی اور اجتماعی مسائل پیش کیے، جنہیں ڈی پی او مانسہرہ نے بغور سنا اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس فورس ان کے لیے ایک خاندان کی حیثیت رکھتی ہے اور پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی فلاح کے لیے تمام ممکنہ اور ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے تاکہ اہلکار یکسوئی اور دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔

ڈی پی او مانسہرہ نے ٹرانسفر اور پوسٹنگز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پولیس ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ہفتے ایک دن باقاعدگی سے اردلی روم کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں تمام ٹرانسفر و پوسٹنگز خالصتاً میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق عمل میں لائی جائیں گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے تمام پولیس افسران کو عوام کے ساتھ شائستہ، خوش اخلاق اور مہذب رویہ اپنانے اور عوامی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

خصوصاً ٹریفک پولیس کو عوام کے ساتھ خندہ پیشانی اور خوش اسلوبی سے پیش آنے کی سختی سے ہدایت کی گئی تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

ڈی پی او مانسہرہ نے اپنے خطاب کے دوران پولیس دربار میں شریک تمام پولیس افسران و جوانوں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس یونیفارم میں ویڈیوز بنانے یا سرکاری اسلحہ کے ساتھ ویڈیوز اپلوڈ کرنے پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار محکمانہ وقار اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھیں۔

پولیس دربار میں ضلع مانسہرہ کے پولیس کے تمام یونٹس کے افسران اور جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں