بصارت سے محروم بچوں کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی

75

ایبٹ آباد: ایبٹ آباد میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام بصارت سے محروم بچوں کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کے لیے تقسیمِ انعامات اور عالمی یومِ معذوراں کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم تھے۔ اس موقع پر پچاس سے زائد نابینا بچوں میں فوڈ پیکجز، ہاسٹل کے طلباء کو نقدی، خصوصی رائٹنگ فریم اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔

تقریب میں پرنسپل سعادت علی خان، اباسین آرٹس کونسل سیکرٹری خالد وحید قریشی ، ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب احمد، خصوصی افراد کی تنظیموں کے نمائندگان، والدین اور اساتذہ نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے نرسری سے ساتویں جماعت تک پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں ٹرافیاں تقسیم کیں جبکہ دیگر طلباء کو بھی نقدی اور تحائف دیے گئے۔
انہوں نے طلباء کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے پرنسپل اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور ادارے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کہا کہ خصوصی بچوں اور ان کے والدین کے لیے معاشرے میں رہتے ہوئے تعلیم کا حصول دیگر بچوں سے بہت مشکل ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

طلباء اور والدین نے تعلیمی، ٹرانسپورٹ اور خوراک کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب کے دوران بچوں نے مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا، جبکہ بچوں کے چہروں پر خوشی اور اعتماد دیدنی تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں