ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی مانسہرہ کی تاجر برادری سے ملاقات

53

مانسہرہ : ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی مانسہرہ کی تاجر برادری سے ملاقات ، مسائل کے حل اور امن و امان کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان نے انجمن تاجران اور چیمبر آف کامرس مانسہرہ کے عہدیداران اور ممبران سے ملاقات کی۔تاجر برادری نے ڈی پی او مانسہرہ کو تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران تاجر برادری نے مین بازار میں ٹریفک کے مسائل، غیر رجسٹرڈ بائیکیا، منی اڈوں کے قیام، سیکیورٹی خدشات اور کاروباری سرگرمیوں کو درپیش دیگر مسائل سے ڈی پی او مانسہرہ کو آگاہ کیا۔

ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ پولیس کا بنیادی مقاصد میں تاجر برادری کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بائیکیا کو باقاعدہ رجسٹر کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ منی اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔

ڈی پی او مانسہرہ نے تاجروں کو ہدایت کی کہ اپنی دکانوں اور کاروباری مراکز پر سیکیورٹی کیمرے نصب کریں اور ایمپلائیز کی باقاعدہ رجسٹریشن کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جائیں گی، جبکہ سودی کلچر کے خاتمے اور معاشرتی جرائم کے خلاف بھی زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔

آخر میں ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مانسہرہ میں امن، کاروباری استحکام اور عوامی سہولت کے لیے پولیس تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں