ضلع کی خبریں
ایبٹ آباد کی اہم شاہراہوں اور یوٹرنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، ٹریفک کی صورتحال کی براہِ راست نگرانی شروع
09-نومبر-2026 — Qazi Jawad
0 تبصرے
29 وزٹ
Read in English
ایبٹ آباد: شہر میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے، رش پر قابو پانے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم شاہراہوں اور مصروف یوٹرنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا سلسلہ جاری ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ریجن ڈی آئی جی جہانزیب نذیر اور ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد سلیمان خان کی زیرِ نگرانی سیٹھی مسجد، سوئی گیس، ڈائیوو اور آئی نور کمپلیکس کے اہم یوٹرنز پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے ٹریفک کے رش اور گاڑیوں کی آمدورفت کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ اس سے قبل فوارہ چوک، سربن چوک، گامی اڈہ، سپلائی بازار، سفائر پلازہ، ڈائیوو چوک منڈیاں، کمپلیکس اور کلرکن آباد سمیت شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔ تمام کیمروں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے منسلک کیا گیا ہے، جہاں سے متعلقہ عملہ براہِ راست ٹریفک کی صورتحال، گاڑیوں کے دباؤ اور شاہراہوں پر آمدورفت کی نگرانی کرے گا، جبکہ کسی بھی مقام پر ٹریفک کا غیر معمولی رش پیدا ہونے کی صورت میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹریفک مینجمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنا، شہریوں کو ٹریفک کی مشکلات سے ریلیف فراہم کرنا، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور شہر میں آمدورفت کے نظام کو مزید منظم بنانا ہے۔
تبصرے (0)
ابھی کوئی تبصرہ موجود نہیں — پہلا تبصرہ آپ کریں۔
تبصرہ کریں