ایتھنز: یونان سے جرمنی جانے والی رائن ایئر کی ایک پرواز کے دوران پیش آنے والے خوفناک واقعے میں ایک مسافر کھڑکی اکھڑنے کے باعث جزوی طور پر طیارے سے باہر نکل گیا، تاہم دیگر مسافروں کی بروقت کارروائی سے اس کی جان بچ گئی۔
یونانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دورانِ پرواز طیارے کے ایک انجن سے الگ ہونے والا ایک ٹکڑا کھڑکی سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں کھڑکی اپنی جگہ سے الگ ہو گئی اور کیبن میں اچانک دباؤ کم (ڈی کمپریشن) ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ مسافر، جو سربیا کا شہری بتایا جاتا ہے، یونان کے شہر تھیسالونیکی سے جرمنی کے شہر میمنگن جانے والی پرواز میں سوار تھا۔ کھڑکی اکھڑنے کے بعد اس کا سر اور کندھے طیارے سے باہر چلے گئے، تاہم اس نے سیٹ بیلٹ باندھ رکھی تھی، جس کی وجہ سے وہ مکمل طور پر باہر نہیں گرا۔ قریب بیٹھے مسافروں نے فوری طور پر اسے واپس اندر کھینچ لیا۔
ایک خاتون مسافر نے بتایا کہ اچانک زور دار دھماکے جیسی آواز آئی، جس کے بعد آکسیجن ماسک نیچے آ گئے اور طیارے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ مسافر کو معمولی نوعیت کے زخم آئے اور احتیاطاً اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
رائن ایئر کے مطابق واقعے کے فوراً بعد طیارے نے احتیاطی طور پر تھیسالونیکی ایئرپورٹ پر واپس لینڈنگ کی۔ تمام مسافر بحفاظت ٹرمینل منتقل کر دیے گئے، جبکہ بعد ازاں انہیں جرمنی پہنچانے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔
یونان سے جرمنی جانے والی پرواز میں خوفناک واقعہ، کھڑکی اکھڑنے سے مسافر جزوی طور پر طیارے سے باہر نکل گیا.
26