پاکستان میں افغان طلبا پر کوئی پابندی نہیں، پی ایم ڈی سی.

41

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں افغان طلبا سمیت تمام غیر ملکی طلبا پر قوانین اور ویزا پالیسی یکساں طور پر لاگو ہوتی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان میں میڈیکل تعلیم کے حصول کے لیے کسی مخصوص قومیت، بشمول افغان طلبا، پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبا کی نشاندہی ہوئی ہے، جن میں سے صرف 22 طلبا پی ایم ڈی سی کے ساتھ قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں 14 طلبا اپنی تعلیم مکمل کرچکے ہیں جبکہ 8 طلبا آئندہ سال فارغ التحصیل ہوں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق باقی 176 طلبا کے ریکارڈ اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ کونسل نے واضح کیا کہ صرف میڈیکل ڈگری کا حصول پاکستان میں قیام یا طب کی پریکٹس کا قانونی حق نہیں دیتا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں میڈیکل پریکٹس کے لیے پی ایم ڈی سی کا لائسنس اور درست ویزا لازمی ہے، جبکہ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والے طلبا کو میڈیکل ایجوکیشن سسٹم میں رجسٹرڈ طالب علم تصور نہیں کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق متعلقہ طلبا کو ضروری دستاویزات مکمل کرنے اور قانونی تقاضوں کے مطابق واپسی کے عمل میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کونسل نے کہا کہ تمام قانونی ضوابط پر پورا اترنے والے غیر ملکی طلبا کو پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں