سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقوں میں ہنگامی الرٹ، بعد ازاں واپس لے لیا گیا

23

ریاض: سعودی شہری دفاع نے جنوب مغربی علاقوں، خصوصاً خمیس مشیط کے لیے جاری کیا گیا ہنگامی خطرے کا الرٹ بعد ازاں واپس لے لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی شہری دفاع نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چوتھی مرتبہ علاقے کے لیے خطرے کی وارننگ جاری کی۔ شہری دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں عوام کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری طور پر جمع ہونے اور صورتحال کی ویڈیوز بنانے سے گریز کریں۔
خمیس مشیط اور ابہا سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع اہم شہر ہیں اور یمن کی سرحد کے نسبتاً قریب ہونے کے باعث سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم سمجھے جاتے ہیں۔
سعودی حکام اس سے قبل بھی جنوب مغربی علاقوں کے لیے اسی نوعیت کے ہنگامی الرٹس جاری کرچکے ہیں، جنہیں بعد میں واپس لے لیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ایک روز قبل یمن میں حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کی جانب سے سعودی شہروں کو نشانہ بنانے کے حملوں میں 73 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
موجودہ صورتحال کے پیش نظر سعودی حکام کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں