افغان مہاجرین کی باعزت واپسی، وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کو ہائی الرٹ کر دیا.

23

وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا حکومت پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی افغانستان واپسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ وفاقی حکام نے صوبائی حکومت کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد خیبر پختونخوا میں تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، نادرا اور دیگر متعلقہ محکموں کو افغان مہاجرین کی رجسٹریشن، ڈیٹا کی جانچ پڑتال اور واپسی کے مراحل کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکام کو یہ بھی باور کرایا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی موجودگی سیکیورٹی خدشات کو جنم دے سکتی ہے، اس لیے ریاستی پالیسی کے تحت ان کی باعزت، مرحلہ وار اور منظم واپسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ واپسی کے عمل میں انسانی ہمدردی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ٹرانسپورٹ، عارضی قیام گاہیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ وفاقی حکومت نے اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ کسی بھی مرحلے پر غیر قانونی عناصر کو فائدہ اٹھانے کا موقع نہ دیا جائے اور تمام کارروائیاں شفاف طریقے سے مکمل کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کی نگرانی مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ کارکردگی میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں