شاہراہِ ریشم پر جزوی پہیہ جام، پولیس کی بھاری نفری تعینات

28

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے دی گئی ہڑتال اور پہیہ جام کی کال کے باوجود زمینی حقائق توقعات سے مختلف دکھائی دے رہے ہیں۔ شاہراہِ ریشم پر صورتحال جزوی طور پر متاثر ہے، تاہم مکمل پہیہ جام دیکھنے میں نہیں آیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہِ ریشم پر مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ضرور ہوئی، جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مگر کاروباری مراکز اور مارکیٹس مکمل طور پر بند نہیں ہوئیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں دکانیں اور تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔


کمپلیکس کے قریب ٹریفک پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے۔ ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑیاں شاہراہِ ریشم پر تعینات کر دی گئیں، جس کے باعث کمپلیکس سے ایبٹ آباد کی جانب جانے والی گاڑیوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔
دوسری جانب شفیق پلازہ کے قریب پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مانسہرہ جانے والی ٹریفک کے لیے شاہراہِ ریشم کو جزوی طور پر بند کر رکھا ہے، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جو صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو پی ٹی آئی کی ہڑتال اور پہیہ جام کی کال کے باوجود شہر میں مکمل بندش نہیں ہو سکی، جبکہ انتظامیہ اور پولیس کی موجودگی کے باعث صورتحال قابو میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں