سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر افغان مہاجرین کی منظم واپسی تیز کرنے کی ہدایت.

8

وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت پر افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے دباؤ میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکام نے صوبائی حکومت کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی مرحلہ وار اور فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے تمام انتظامی و قانونی اقدامات بلا تاخیر مکمل کیے جائیں۔


ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایات موصول ہونے کے بعد خیبرپختونخوا بھر میں متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، نادرا اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی افغان مہاجرین کی رجسٹریشن، جانچ پڑتال اور ڈیٹا کی تصدیق کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت پر زور دیا ہے کہ واپسی کے عمل میں شفافیت، نظم و ضبط اور انسانی وقار کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے، جبکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی یا تاخیر سے بچنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔
وفاقی حکام کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات، ریاستی پالیسی اور قومی مفاد کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور غیر قانونی رہائش کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ افغان مہاجرین کی باعزت، محفوظ اور منظم انداز میں واپسی ریاست کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا، جبکہ ضلعی سطح پر نگرانی کے نظام کو بھی مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں