⛽ پیٹرولیم ڈیلرز کا بڑا اعلان — 27 مارچ سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی

12

اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 27 مارچ سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ملک میں پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں عبدالسمیع خان، امیر خان محسود اور طارق حسن نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا گیا، جس سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچا، تاہم پیٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز کے مارجن میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے رہنما امیر خان محسود کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ڈیلرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ نہ کیا تو 26 مارچ کی رات سے پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی روک دی جائے گی، جس کے بعد ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر رہنما عبدالسمیع خان نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلرز کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی اور قیمتوں میں مسلسل اضافے نے نہ صرف عوام بلکہ پیٹرول پمپ مالکان کو بھی شدید مالی دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ڈیلرز احتجاج اور مزاحمت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
پریس کانفرنس میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل پر “کیپنگ” نافذ کر رکھی ہے جس کے باعث ڈیلرز کو مطلوبہ مقدار میں پیٹرول اور ڈیزل فراہم نہیں کیا جا رہا۔ اس صورتحال کی وجہ سے کئی علاقوں میں پیٹرول پمپس پہلے ہی “ڈرائی” ہو کر بند ہونے لگے ہیں۔
امیر خان محسود نے مزید خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 روپے تک اضافے کا اعلان کر سکتی ہے، جس سے بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور عوام کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کا اعلان عملی شکل اختیار کر گیا تو ملک بھر میں ٹرانسپورٹ، صنعت اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں