نئی دہلی: بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تاجر پبّا چندر شیکھر اور ان کی اہلیہ سپنا سوئٹزر لینڈ میں تعطیلات کے دوران مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئے ہیں، جس کے بعد پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں میاں بیوی 22 جون کو سوئٹزر لینڈ روانہ ہوئے تھے۔ ان کی 23 سالہ بیٹی شریا کا کہنا ہے کہ والدین ابتدا میں اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں تھے، تاہم 8 جولائی کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اور دونوں کے موبائل فون مسلسل بند یا نیٹ ورک سے باہر آ رہے ہیں۔
اہلِ خانہ کی شکایت پر پولیس نے لاپتہ افراد کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس جوڑے کے سفری ریکارڈ، امیگریشن تفصیلات اور مالی لین دین کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ان کے موجودہ مقام اور سوئٹزر لینڈ میں داخلے سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔
تحقیقات کے دوران پولیس کے مطابق یہ بھی سامنے آیا ہے کہ تاجر جوڑے نے گزشتہ چند برسوں میں 60 سے زائد افراد سے مختلف کاروباری اور ذاتی ضروریات کے نام پر تقریباً 50 کروڑ بھارتی روپے حاصل کیے تھے اور سرمایہ پر منافع کی یقین دہانی کرائی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں تمام پہلوؤں، بشمول ممکنہ مالی بے ضابطگیوں اور جان بوجھ کر لاپتہ ہونے کے امکان، کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی بھی الزام کی عدالت سے تصدیق نہیں ہوئی۔
50 کروڑ روپے کے مبینہ مقروض بھارتی تاجر اور اہلیہ سوئٹزر لینڈ میں لاپتہ، تحقیقات جاری.
23